ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سعودی وزراء ہفتے میں کتنے گھنٹے کام کرتے ہیں؟ ویژن 2030 کی کامیابی کے لیے سعودی حکام دن رات سرگرم

سعودی وزراء ہفتے میں کتنے گھنٹے کام کرتے ہیں؟ ویژن 2030 کی کامیابی کے لیے سعودی حکام دن رات سرگرم

Sun, 11 Sep 2016 23:32:50    S.O. News Service

ریاض،11ستمبر(آئی این ایس انڈیا/ایس او نیوز)سعودی عرب کی حکومت میں شامل وزراء اور دیگر افسران کی شبانہ روز محنت اور ویژن 2030ء کی کامیابی کے لیے جاری کوششیں عالمی سطح پر زیربحث آنے لگی ہیں اور سعودی وزراء کی محنت کو دنیا بھر میں ایک مثال کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔ عالمی سطح پر سفارتی حلقوں میں بھی سعودی وزراء کی دن رات محنت اور کام میں ان کی لگن کے چرچے ہیں۔ اس ضمن میں معروف امریکی سفارت کار ڈینس روس کا اخبارواشنگٹن پوسٹ میں مطبوعہ ایک حالیہ مضمون کافی اہمیت کا حامل ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ جب سے سعودی حکومت نے ویژن 2030ء کا اعلان کیا ہے تب سے وزراء کے کام کی رفتار پہلے سے کئی گنا بڑھ گئی ہے۔ وزراء اور سرکاری محکموں کے افسران اب چوبیس گھنٹے کام کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

امریکی سفارت کار نے سعودی حکومت کے ارکان کی شبانہ روز محنت کو شہد کی مکھیوں کی دن رات محنت شاقہ سے تشبیہ دی ہے اور کہا ہے کہ ریاض حکومت ویژن 2030ء  کے اہداف کے حصول کے لیے دن رات ایک کیے ہوئے ہے۔ڈینس روس کا کہنا ہے کہ میں نے حال ہی میں سعودی عرب کا دورہ کیا جہاں حکومتی وزراء کے کام کا اپنی آنکھوں سے مشاہدہ کیا۔ سعودی وزراء ہفتے میں 80، 80گھنٹے کام کرتے ہیں۔ وزراء کرام اور دیگر افسران کی طرف سے حکومتی کاموں کو ہنگامی حالات سے زیادہ وقت دیا جا رہا ہے۔ سعودی وزراء اور دیگر حکام کی طرف سے دن رات کام سے اندازہ ہوتا ہے کہ ویژن 2030جلد کامیابی سے پایہ تکمیل کو پہنچے گا اور اس کے اہداف ومقاصد آسانی سے حاصل کیے جاسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ سعودی وزراء ہفتے میں 80 گھنٹے اور یومیہ قریبا 11 گھنٹے سے زیادہ وقت کام کرتے ہیں۔ ہفتہ وار چھٹی کیایام میں بھی وزراء کام جاری رکھتے ہیں اور بعض اوقات چھٹی کے دن بھی 16گھنٹے کام کرتے ہیں۔امریکی سفارت کار کے مذکورہ مضمون سے قبل بلومبرگ خبر رساں ایجنسی نے ایک تصویر شائع کی تھی جس میں نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کو غیرسرکاری لباس میں ایک دفتر میں بیٹھے کام کرتے دکھایا گیا تھا۔ ان کے گرد فایلوں کاایک انبار دکھایا گیا اورانہیں غیر روایتی انداز میں اپنے کام میں منہمک دکھایا گیا تھا۔


Share: